پاکستان کی مقبول ترین چھوٹی گاڑی سوزوکی آلٹو کو پہلے ہی سڑکوں کا بادشاہ کہا جاتا ہے، اور اب کمپنی نے اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آلٹو کا نیا ماڈل متعارف کرا دیا ہے۔
سوزوکی آلٹو 2026 نہ صرف قیمت کے لحاظ سے صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہے بلکہ اپنی سادگی، کم خرچ ہونے اور شہری ٹریفک کے لیے موزوں ڈیزائن کی وجہ سے بھی نمایاں ہے۔ کمپنی کی جانب سے نئے ماڈل کی آفیشل ایکس فیکٹری قیمتوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
قیمتوں کی تفصیل کے مطابق سوزوکی آلٹو وی ایکس (VX) مینوئل کی قیمت 24 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح آلٹو وی ایکس آر (VXR) مینوئل کی قیمت 28 لاکھ 50 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔ آٹومیٹک ورژن پسند کرنے والے صارفین کے لیے آلٹو وی ایکس آر اے جی ایس (AGS) آٹومیٹک کی قیمت 30 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ آلٹو وی ایکس ایل (VXL) آٹومیٹک کی قیمت 32 لاکھ 50 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
سوزوکی آلٹو 2026 میں 660 سی سی کا انجن دیا گیا ہے جو بظاہر طاقت کے لحاظ سے کم محسوس ہوتا ہے، تاہم گاڑی کے ہلکے وزن کی وجہ سے یہ انجن شہر کے اندر ٹریفک میں بہتر کارکردگی دکھاتا ہے۔ روزمرہ استعمال اور رش والی سڑکوں پر ڈرائیونگ کے لیے یہ گاڑی ایک مناسب انتخاب سمجھی جا رہی ہے۔
AGS ٹیکنالوجی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ ایک آٹومیٹڈ مینول سسٹم ہے، جو آٹومیٹک گاڑی کی سہولت کے ساتھ مینول جیسی بہتر فیول ایوریج فراہم کرتا ہے۔ گیئر تبدیل ہوتے وقت ہلکا سا جھٹکا محسوس ہونا اس سسٹم میں ایک عام بات ہے۔
سوزوکی آلٹو 2026 کو بجٹ فرینڈلی، کم خرچ اور قابلِ اعتماد گاڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ شہری ٹریفک میں آرام دہ ڈرائیونگ کے خواہشمند افراد کے لیے یہ ایک بہتر انتخاب ہے، جبکہ کمرشل یا سخت استعمال کے لیے وی ایکس اور وی ایکس آر کے مینول ورژنز کو مضبوط اور قابلِ بھروسہ سمجھا جا رہا ہے۔
انٹیرئیر کے حوالے سے دیکھا جائے تو سوزوکی آلٹو ایک سستی اور مقامی سطح پر تیار کی جانے والی گاڑی ہونے کے باوجود مناسب معیار پیش کرتی ہے۔ ڈیش بورڈ میں گہرے اور ہلکے سرمئی رنگوں کا امتزاج دیا گیا ہے، جو اندرونی حصے کو سادہ مگر بہتر انداز میں پیش کرتا ہے۔ سپیڈو میٹر میں تمام ضروری معلومات شامل ہیں، جن میں فیول ایوریج، انسٹنٹ فیول ایوریج، ڈسٹنس ٹو ایمپٹی اور فیول انڈیکیٹر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹیئرنگ کے ساتھ آٹومیٹک گیئر شفٹ، اینالوگ کلائمیٹ کنٹرول اور سامنے کی جانب دو کپ ہولڈرز بھی فراہم کیے گئے ہیں، جو روزمرہ استعمال میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔