آسٹریلیا کے بعد جنوبی افریقہ میں فائرنگ کا ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ جوہانسبرگ سے تقریباً 40 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع بیکرزڈال ٹاؤن شپ میں پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ٹاؤن شپ کے مختلف حصوں میں فائرنگ کی اور بعض افراد کو سڑکوں پر بے ترتیب طور پر نشانہ بنایا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ اچانک شروع ہوئی، جس سے لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے پر مجبور ہو گئے۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے اور نہ ہی حملہ آوروں کی شناخت ہو سکی ہے۔ واقعے کی نوعیت جاننے اور ذمہ داروں تک پہنچنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
زخمی افراد کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں طبی ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور اضافی طبی عملہ طلب کر لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ اس واقعے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق معلومات ہوں تو وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں۔