پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے سیاحتی مقام ہنزہ کے خوبصورت پہاڑی علاقے پاسو میں جنگلی حیات کا ایک نہایت نادر اور تاریخی منظر دیکھنے میں آیا ہے، جہاں ایک برفانی چیتا ماں اپنے 3 بچوں کے ساتھ ایک ہی وقت میں نظر آئی۔
تحفظِ ماحولیات کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ منظر اس خطے کی تاریخ میں صرف دوسری بار دستاویزی شکل میں ریکارڈ کیا گیا ہے، جسے جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
جنگلی حیات کے تحفظ کے حکام کا کہنا ہے کہ برفانی چیتا دنیا کے سب سے نایاب اور پوشیدہ جانوروں میں شمار ہوتے ہیں، جو برف پوش اور پتھریلے پہاڑوں میں اپنی قدرتی ہم آہنگی کی وجہ سے انسانی نظروں سے اکثر اوجھل رہتے ہیں۔ عام طور پر ایک برفانی چیتے کا کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہونا بھی بڑی کامیابی سمجھا جاتا ہے، ایسے میں 4 برفانی چیتوں کا ایک ساتھ دکھائی دینا غیر معمولی اور حیران کن واقعہ ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس سے قبل ایسا ہی ایک منظر ہُشے ویلی، بلتستان میں ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ پاسو، ہنزہ میں سامنے آنے والی یہ جھلک اس خطے میں دوسری تصدیق شدہ دستاویز کے طور پر شامل ہو گئی ہے۔ یہ شاندار اور قیمتی ویڈیو واکخان وائلڈ لائف ٹیم نے ریکارڈ کی، جو طویل عرصے سے علاقے میں نایاب جنگلی انواع کی نگرانی اور تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔
ماہرینِ جنگلی حیات کے مطابق ایک ماں کا اپنے 3 بچوں کے ساتھ موجود ہونا اس بات کی واضح علامت ہے کہ پاسو کے علاقے میں ماحولیاتی نظام صحت مند ہے۔ مناسب شکار کی دستیابی اور انسانی مداخلت کی کمی ایسے عوامل ہیں جو برفانی چیتے کی افزائش نسل کے لیے نہایت اہم سمجھے جاتے ہیں، اور یہ منظر علاقے میں کامیاب تحفظی اقدامات کا ثبوت بھی ہے۔
واضح رہے کہ برفانی چیتے عالمی سطح پر خطرے سے دوچار نوع کی فہرست میں شامل ہیں اور انہیں ماحولیاتی تبدیلی، قدرتی مسکن کے نقصان اور انسانی تنازعات جیسے سنگین خطرات لاحق ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس قسم کے مناظر نہ صرف تحفظِ ماحولیات کے لیے امید اور حوصلہ افزائی کا باعث بنتے ہیں بلکہ یہ اس امر کی بھی یاد دہانی ہیں کہ مسلسل نگرانی اور مقامی تعاون کے ذریعے نایاب جنگلی حیات کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔