وزیرِ اعظم شہباز شریف کی انڈر 19 ایشیا کپ جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی پر فخر کا اظہاروزیرِ اعظم شہباز شریف نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کے خلاف شاندار فتح حاصل کرنے پر پاکستانی ٹیم اور پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں وزیرِ اعظم نے نوجوان کھلاڑیوں کی غیر معمولی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انڈر 19 ٹیم نے نہ صرف بہترین کھیل پیش کیا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فائنل جیسے بڑے مقابلے میں روایتی حریف بھارت کو شکست دینا ایک تاریخی کامیابی ہے، جس نے پاکستانی کرکٹ کے روشن مستقبل کی جھلک دکھا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے جذبے، محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ کھیل کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کرکٹ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے وزیرِ اعظم کے مطابق قوم کو اپنے ان کھلاڑیوں پر ناز ہے، جنہوں نے میدان میں ملک کا نام بلند کیا۔
شہباز شریف نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ انڈر 19 ٹیم آئندہ بھی عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کامیابیاں سمیٹے گی اور یہی نوجوان مستقبل میں قومی سینئر ٹیم کا مضبوط ستون بنیں گے۔ انہوں نے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور مینجمنٹ کی مشترکہ کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار کھیل پیش کیا۔ ٹاس بھارت نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم یہ فیصلہ اس کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز کا بڑا اسکور بنایا اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا مشکل ہدف دیا۔
پاکستانی اننگز کے ہیرو سمیر منہاس رہے، جنہوں نے 113 گیندوں پر 172 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ ان کی شاندار بیٹنگ میں 17 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے، جس نے بھارتی باؤلرز کو بے بس کر دیا۔ سمیر منہاس کی اس اننگز نے میچ کا رخ مکمل طور پر پاکستان کے حق میں موڑ دیا اور شائقینِ کرکٹ کو بھرپور تفریح فراہم کی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم دباؤ کا شکار رہی اور پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی۔ پوری بھارتی ٹیم 27ویں اوور میں صرف 156 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میچ کے اختتام پر پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور جشن منایا اور تاریخی فتح پر سجدۂ شکر بھی ادا کیا۔
یہ فتح نہ صرف ایک ٹرافی کی جیت ہے بلکہ اس بات کا واضح پیغام بھی ہے کہ پاکستانی نوجوان کرکٹرز عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انڈر 19 ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف یہ شاندار کامیابی برسوں تک یاد رکھی جائے گی اور پاکستانی کرکٹ کی تاریخ کا ایک سنہرا باب بن چکی ہے۔