شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم، موٹرویز آج بھی مختلف مقامات سے بند، فلائٹ شیڈول متاثر

شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم، موٹرویز آج بھی مختلف مقامات سے بند، فلائٹ شیڈول متاثر

ملک کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔

موٹروے ایم 2 پر لاہور سے کوٹ مومن تک گاڑیوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا گیا، موٹروے ایم 3 لاہور سے رجانہ، ایم 5 ملتان سے ظاہر پیر تک بند کر دی گئی جبکہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 بھی مکمل بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ کم ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے، ترجمان نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت بھی کی ہے۔

مزید جانیئے: محکمہ موسمیات کا آئندہ 24 گھنٹوں کے لیے موسم سے متعلق الرٹ جاری

دووسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے کئی بین الاقوامی پروازوں کا رخ دوسرے ایئرپورٹس کی طرف موڑ دیا گیا۔

کراچی میں صبح کے وقت سرجانی ٹاؤن، سپر ہائی وے، سہراب گوٹھ، گلستان جوہر، آئی آئی چندریگر روڈ، کلفٹن، ڈیفنس کے اطراف میں دھند کا راج رہا، اس کے علاوہ ایم نائن موٹروے پر حد نگاہ صفر رہی اور مختلف علاقے دھند کی لپیٹ میں رہے جبکہ ناردرن بائی پاس، یونیورسٹی روڈ اور کریم آباد سمیت شہر بھر میں دھند ریکارڈ کی گئی۔

ادھر محکمہ موسمیات نے شہر کے درجہ حرارت کے حوالے سے بتایا کہ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 17.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 سے 30 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم زیادہ تر ابرآلود اور رات میں خنکی رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب شہر میں دھند کے باعث آنے والی 6 بین الاقوامی پروازیں دیگر ایئرپورٹس پر منتقل کر دی گئی ہیں۔

ترجمان پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق دھند کی وجہ سے بین الاقوامی پروازیں کراچی کے بجائے مسقط منتقل کر دی گئیں، نجی ایئر لائن کی پرواز جدہ سے کراچی کے بجائے اسلام آباد منتقل کر دی گئی۔ ترجمان پی اے اے نے مزید بتایا کہ محدود حد نگاہ میں پروازوں کی منتقلی معمول کا حفاظتی اقدام ہے۔

 

 

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *