آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور حلقہ شرقی باغ سے رکن اسمبلی سردار میر اکبر نے مسلم لیگ (ن) میں باضابطہ شمولیت اختیار کرلی ہے ، اس فیصلے کو آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک بڑی سیاسی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو آئندہ انتخابی منظرنامے پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے یہ اعلان وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی جانب سے آزاد کشمیر کے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے ہمراہ منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا۔
اس موقع پر پارٹی کے اہم قائدین موجود تھے جنہوں نے سردار میر اکبر کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے جماعت کے لیے تقویت کا باعث قرار دیا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار میر اکبر نے کہا کہ وہ جلد ہی باغ میں مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کے ساتھ ایک بڑے عوامی جلسے کا انعقاد کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج وہ باقاعدہ طور پر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں اور اس فیصلے پر اپنے تمام پرانے ساتھیوں اور کارکنوں کے شکر گزار ہیں انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ان کا تعلق نیا نہیں بلکہ 30 سے 35 سال پرانا ہے اور وہ خود کو ہمیشہ اس سیاسی سوچ کے قریب پاتے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے سردار میر اکبر کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت کی جانب سے انہیں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا جاتا ہے ان کا کہنا تھا کہ اگر کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مینڈیٹ دیا تو پارٹی انہیں ہرگز مایوس نہیں کرے گی۔
انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری بغیر تنخواہ کے پاکستان کے محافظ ہیں اور کئی دہائیوں سے بھارتی تسلط کے خلاف قربانیاں دے رہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے اس موقع پر کہا کہ جماعت مختلف حلقوں میں اپنے پرانے ساتھیوں کو دوبارہ “گھر” واپس لا رہی ہے۔
ان کے مطابق کچھ رہنما مختلف وجوہات کی بنا پر پارٹی سے الگ ہوئے تھے، تاہم اب انہیں دوبارہ ساتھ ملایا جا رہا ہے۔ انہوں نے سردار میر اکبر کی شمولیت کو پارٹی کے لیے نیک شگون قرار دیا سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھی سردار میر اکبر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے ضلع باغ میں مسلم لیگ (ن) مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنانے کی بھرپور پوزیشن میں ہوگی سیاسی مبصرین کے مطابق سردار میر اکبر کی شمولیت نہ صرف ضلع باغ بلکہ مجموعی طور پر آزاد کشمیر کی سیاست میں طاقت کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے جس کے اثرات آنے والے دنوں میں مزید واضح ہوں گے۔