فیس لیس ای ٹکٹنگ، جسے عام طور پر ای چالان کہا جاتا ہے، کے تحت عائد کیے جانے والے بھاری جرمانوں سے پریشان کراچی کے شہریوں کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔
سندھ کے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے ای چالان کے جرمانوں میں ممکنہ کمی کا واضح اشارہ دے دیا ہے، جس کے بعد شہریوں میں کچھ حد تک اطمینان کی فضا پیدا ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے سینٹرل پولیس آفس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ای چالان سے متعلق اپوزیشن اراکین کو بھی ایک ہفتے کے اندر اپنی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ان تجاویز کی روشنی میں جرمانوں کے نظام پر نظرثانی کی جائے گی تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کو کم کیا جا سکے، جبکہ ٹریفک قوانین کی بالادستی بھی برقرار رہے۔
ضیا الحسن لنجار نے اس موقع پر واضح کیا کہ ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر کسی قسم کی رعایت دینے کا فیصلہ اصولی طور پر درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک سگنل توڑنا اور ون وے کی خلاف ورزی ایسے جرائم ہیں جنہیں ناقابلِ معافی قرار دیا گیا ہے، لہٰذا ان خلاف ورزیوں پر جرمانے اپنی جگہ برقرار رہیں گے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ دیگر نوعیت کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر نرمی اختیار کی جا سکتی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ عوام میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے پولیس چیف اور ڈی آئی جی ٹریفک کو ہدایت دی گئی ہے کہ آگاہی مہم کے لیے معروف اور بااثر شخصیات کی خدمات حاصل کی جائیں۔ ایسی شخصیات کو شامل کیا جائے گا جو خود ٹریفک قوانین کی اہمیت کو سمجھتی ہوں تاکہ وہ عوام تک مؤثر انداز میں پیغام پہنچا سکیں۔
گفتگو کے دوران ضیا الحسن لنجار نے یہ بھی کہا کہ موٹر سائیکل سواروں اور کار چلانے والوں کو بعض معاملات میں رعایت دی جائے گی، تاہم ون وے کی خلاف ورزی پر عائد جرمانے برقرار رکھے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقصد عوام کو غیر ضروری دباؤ میں ڈالنا نہیں بلکہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو بہتر بنانا ہے، تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط قائم ہو اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔