راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے خوشخبری

راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے خوشخبری

اسلام آباد کے مصروف ترین علاقوں میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے تعمیر کیا جانے والا شاہین چوک انڈر پاس منصوبہ اپنی تکمیل کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اسے آئندہ ہفتے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔

کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے حکام کے مطابق منصوبے پر کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور انڈر پاس 31 دسمبر 2025 تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کا بیشتر تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ اب صرف سڑک کی سطح سازی اور فِنشنگ کا کام باقی رہ گیا ہے، جو تیزی سے جاری ہے۔ انڈر پاس نائنتھ ایونیو اور خیابانِ اقبال کے سنگم پر واقع ہے، جو اسلام آباد کے ان مقامات میں شمار ہوتا ہے جہاں روزانہ شدید ٹریفک جام اور طویل تاخیر معمول بن چکی ہے۔ اس علاقے میں روزانہ کی بنیاد پر گاڑیوں کی بڑی تعداد گزرتی ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاہین چوک انڈر پاس کے تعمیراتی مقام کا دورہ کیا تھا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد میں ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور شہریوں کو نمایاں ریلیف فراہم کرے گا۔ وزیر داخلہ نے حکام کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار میں کسی قسم کی سستی نہ آنے دی جائے اور منصوبہ مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی ٹی ٹی پی کیخلاف کارروائیوں کا موازنہ بھارت کے پاکستانی مساجد پرحملوں سے کرنا غلط ہے : خواجہ آصف

محسن نقوی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تعمیراتی معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ انڈر پاس کے اطراف جدید لینڈ اسکیپنگ اور شجرکاری کا خصوصی انتظام کیا جائے۔ سی ڈی اے حکام کے مطابق منصوبے کے ساتھ خوبصورتی کے منصوبے پر بھی کام کیا جا رہا ہے، جس سے علاقے کی مجموعی خوبصورتی اور ماحول میں بہتری آئے گی۔

سی ڈی اے کے چیئرمین نے وزیر داخلہ کو منصوبے کی پیش رفت اور تکمیلی مراحل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اتھارٹی کے مطابق انڈر پاس کی بنیادی ساخت مکمل ہو چکی ہے اور یہ منصوبہ تقریباً ایک ارب تیس کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد ٹریفک سگنلز کا خاتمہ اور گاڑیوں کی بلا تعطل آمدورفت کو یقینی بنانا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شاہین چوک انڈر پاس کے فعال ہونے سے روزانہ سفر کرنے والے موٹر سواروں اور گاڑی چلانے والوں کے سفر کے دورانیے میں نمایاں کمی آئے گی اور اسلام آباد میں ٹریفک کے مجموعی نظام میں بہتری پیدا ہو گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *