جدید اسمارٹ فونز کی دنیا میں طویل عرصے سے Galaxy اور iPhone کو اولین انتخاب سمجھا جاتا رہا ہے، تاہم رواں برس اس روایتی مقابلے میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔
اس سال چین کے بڑے اسمارٹ فون برانڈز نے بھرپور انداز میں میدان میں اتر کر نہ صرف عالمی مارکیٹ میں اپنی موجودگی مضبوط کی بلکہ بعض معاملات میں Apple اور Samsung جیسے بڑے ناموں کو سخت مقابلہ بھی دیا۔ Xiaomi اور Oppo جیسے برانڈز نے بغیر کسی سمجھوتے کے اعلیٰ معیار کے فونز متعارف کروائے ہیں، جو کئی پہلوؤں سے معروف عالمی برانڈز کے ہم پلہ یا بعض صورتوں میں ان سے بہتر ثابت ہوئے ہیں۔
اس سال کے نمایاں اور بہترین اسمارٹ فونز کی فہرست میں سب سے پہلے Honor Magic V5 شامل ہے۔ یہ فون اس سال آزمائے گئے فولڈیبل فونز میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ Honor Magic V5 نہایت پتلے اور ہلکے ڈیزائن، پریمیم مٹیریل اور مضبوط ہنچ کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ کلاس لیڈنگ IP58 اور IP59 انگریس پروٹیکشن دی گئی ہے، جو فولڈیبل فونز کے شعبے میں ایک غیر معمولی کامیابی سمجھی جاتی ہے۔ فون کے دونوں ڈسپلے بڑے، تیز رفتار اور جدید فیچرز سے مزین ہیں، جن میں اسٹائلس سپورٹ اور Dolby Vision سرٹیفیکیشن شامل ہے۔ علاوہ ازیں، اعلیٰ معیار کے اسٹیریو اسپیکرز ملٹی میڈیا کے تجربے کو مزید بہتر بناتے ہیں۔
فہرست میں Apple iPhone 17 Pro Max بھی شامل ہے، جس میں ایلومینیم باڈی متعارف کروانا ایک متنازع فیصلہ ثابت ہوا ہے۔ اگرچہ اس تبدیلی سے فون کے وزن اور کارکردگی پر کچھ حد تک قابو پایا گیا ہے، تاہم فون کی مضبوطی متاثر ہوئی ہے اور اب اس پر آسانی سے خراشیں پڑ سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ فون کی پشت پر شیشے اور دھات کا ملا جلا استعمال کیا گیا ہے، جو نئے رنگوں کے ساتھ مل کر اسے حالیہ برسوں کے کم پسند کیے جانے والے آئی فون ماڈلز میں شامل کرتا ہے۔
Xiaomi 15 Ultra اس سال کی فہرست میں ایک مضبوط اور قابلِ ذکر انتخاب کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اس کا منفرد اور دلکش ڈیزائن نہ صرف خوبصورتی بلکہ ایک آئیکونک شناخت بھی فراہم کرتا ہے۔ اس فون میں انڈسٹری کے بہترین ڈسپلیز میں سے ایک شامل ہے، جس میں 1440p LTPO OLED اسکرین، 12-bit کلر ڈیپتھ، ڈائنامک 120Hz ریفریش ریٹ اور Dolby Vision سپورٹ شامل ہیں، جو دیکھنے کے تجربے کو غیر معمولی بنا دیتے ہیں۔
Samsung Galaxy S25 Ultra سے روایتی طور پر بہت زیادہ توقعات وابستہ ہوتی ہیں، تاہم یہ ماڈل ان تمام امیدوں پر مکمل طور پر پورا نہیں اتر سکا۔ اس کے باوجود یہ ایک مضبوط اور بہتر ڈیوائس ہے۔ نسبتاً چھوٹی بیٹری کے باوجود یہ متاثر کن بیٹری ٹائمنگ فراہم کرتا ہے۔ اس کا ڈسپلے مجموعی طور پر بہترین ہے، درست حالات میں مناسب رفتار سے چارجنگ بھی ممکن ہے اور باڈی کوالٹی میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے، اگرچہ اضافی سیلنگ کی کمی محسوس کی گئی ہے۔ اسٹائلس کے خواہشمند صارفین کے لیے یہ اس وقت مارکیٹ میں واحد نمایاں انتخاب ہے۔
Oppo Find N5 فولڈیبل ٹیکنالوجی کے موجودہ عروج کی واضح مثال ہے۔ اس فون میں جدید Snapdragon 8 Elite جنریشن کا چپ سیٹ استعمال کیا گیا ہے۔ اس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ انتہائی پتلا ہونے کے باوجود اس میں بڑی Si/C بیٹری نصب کی گئی ہے اور ایک شاندار ہنچ سسٹم دیا گیا ہے، جو ڈسپلے کی شکن کو تقریباً نظر سے اوجھل کر دیتا ہے۔ مزید برآں، Oppo نے اس بار ایک ہمہ جہت اور طاقتور کیمرا سسٹم بھی فراہم کیا ہے، جو اس فولڈیبل فون کو ایک مکمل پیکیج بناتا ہے۔