سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن ،ہنگو میں 100 سے زائد دہشتگردوں کی دراندازی ناکام بنا دی

سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن ،ہنگو میں 100 سے زائد دہشتگردوں کی دراندازی ناکام بنا دی

ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے 100 سے زائد دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کامیاب آپریشن کے بعد متاثرہ علاقوں کو کلیئر کر دیا۔

کارروائی میں پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ حصہ لیا۔پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں نے مختلف علاقوں میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں نے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔

آپریشن کے بعد اسکولوں، سرکاری و نجی املاک اور پہاڑی علاقوں کو مکمل طور پر کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ اور مارٹر گولوں کے حملوں کے نتیجے میں 6 شہری شہید جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق دہشتگرد اپنے ہلاک ساتھیوں کی لاشیں اور زخمیوں کو ساتھ لے کر فرار ہو گئے جبکہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ختم کیا جا سکے۔

 یہ بھی پڑھیں :قلعہ سیف اللہ سیکٹر اورچمن سیکٹر میں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی ہیوی گنز کا قہر، افغان طالبان اپنی پوزیشنز چھوڑ کر فرار

اس موقع پر ذوالفقار حمید نے آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کی صلاحیت رکھتی ہے اور عوام کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

editor

Related Articles