کراچی میں چینی کی قیمتوں کے حوالے سے انتظامیہ نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے نئی سرکاری قیمتیں مقرر کر دی ہیں۔
اس ضمن میں کمشنر کراچی کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق شہر بھر میں چینی کی ہول سیل اور پرچون قیمتوں کا تعین کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں چینی کی ہول سیل قیمت 140 روپے فی کلو جبکہ پرچون سطح پر چینی 143 روپے فی کلو فروخت کی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور اس فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو مقررہ نرخوں پر چینی دستیاب ہو سکے۔
کمشنر کراچی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری نرخوں کے برخلاف چینی فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی ، اس سلسلے میں تمام دکانداروں، کریانہ اسٹورز اور سپلائرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ریٹ لسٹ اپنی دکانوں پر نمایاں اور واضح جگہ پر آویزاں کریں تاکہ صارفین کو قیمتوں کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل ہو سکے۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ مقررہ قیمت سے زائد نرخ وصول کرنے، ذخیرہ اندوزی یا منافع خوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانے اور دیگر قانونی سزائیں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔