شہر کی اوپن مارکیٹ میں مہنگائی نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے، اور عوام کو روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء میں ایک اور جھٹکا سہنا پڑا ہے جہاں کوکنگ آئل، گھی اور چینی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ، جس سے شہریوں کے کچن کا بجٹ مزید دباؤ کا شکار ہو گیا ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مارکیٹ ذرائع کا بتانا ہےکہ درجہ اول کوکنگ آئل اور گھی کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر/کلوگرام اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 582 روپے فی لیٹر یا کلوگرام ہو گئی ہے۔ درجہ دوم کے آئل اور گھی کی قیمت بھی 10 روپے کے اضافے کے ساتھ 540 روپے فی لیٹر یا کلوگرام مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح چینی کی قیمت میں بھی 2 روپے فی کلوگرام اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 179 روپے فی کلوگرام ہو گئی اگرچہ یہ اضافہ بظاہر کم محسوس ہوتا ہے لیکن مجموعی طور پر روزمرہ خریداری کے اخراجات پر اس کے نمایاں اثرات مرتب ہوں گے۔
عوامی حلقوں اور صارفین کی جانب سے ان اضافوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ نہیں مگر ہر ہفتے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے گھر کا چولھا جلانا چلانا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر قیمتوں میں اضافے کا یہ رجحان جاری رہا تو نہ صرف متوسط طبقہ بلکہ کم آمدنی والے افراد بھی بری طرح متاثر ہوں گے۔