وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں ، ان کا طیارہ نور خان ایر بیس پر لینڈ کرگیا۔
برادر اسلامی ملک یو اے ای کے صدر کا پاکستان آمد پر شاندار اور تاریخی استقبال کیا گیا ہے، صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان کی آمد پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فضائی سلامی دی۔
پاکستانی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یو اے ای صدر کے طیارے کو حصار میں لے لیا تھا۔
🚨 🚨 متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید کا طیارہ پاک فضائیہ کے جے ایف17 تھنڈر طیاروں کے حصار میں نور خان ائیر بیس پہنچ گیا… pic.twitter.com/wlxaWnwDZx
اماراتی صدر کا یہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک نئی جہت قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شیخ محمد بن زاید النہیان صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یو اے ای کے صدر کا دورہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا، یو اے ای کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی برادرانہ ودیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس دورہ کےدوران دوطرفہ تعلقات، خطے اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے، یہ دورہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام کو مزید تقویت بخشے گا۔
اس سے قبل پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی دو طرفہ تعلقات اور مضبوط روابط کیلئے یو اے ای کا دورہ کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ صدر متحدہ عرب امارات کے دورہ پاکستان کے تناظر میں اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اسلام آباد کی حدود میں واقع پاکستان سیکرٹریٹ اور تمام وفاقی ادارے بند رہیں گے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ بھی آج بند رہیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی آج چھٹی کا اعلان کردیا ہے، رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس 26 دسمبر کو بند رہیں گی۔
وفاقی آئینی عدالت کے رجسٹرار نے بھی آج کی کازلسٹ منسوخ کرتے ہوئے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آج اسلام آباد کے اسپتال، بینک، ضروری سروسز کے دفاتر، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، سی ڈی اے دفاتر، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، آئیسکو اور سوئی ناردرن گیس کے دفاتر کھلے رہیں گے۔