صدرمتحدہ عرب امارات شیخ زاید النہیان کا پاکستان پہنچنے پر پُرتپاک استقبال، فضائی سلامی اور گارڈ آف آنر پیش

صدرمتحدہ عرب امارات شیخ زاید النہیان کا پاکستان پہنچنے پر پُرتپاک استقبال، فضائی سلامی اور گارڈ آف آنر پیش

وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان آج ایک روزہ  سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں ،جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔  

فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے یو اے ای صدر کے طیارے کو حصار میں لے کر فضائی سلامی پیش کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ سید عاصم منیر سمیت وفاقی وزراء نے متحدہ عرب امارات کے صدر کا نور خان ایئر بیس پر استقبال کیا، اماراتی صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ہوائی اڈے پر موجود وفاقی وزراء سے بھی بالمشافہ ملے۔

 اماراتی صدر کا یہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک نئی جہت قرار دیا جا رہا ہے۔

صدر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے شیخ محمد بن زاید النہیان صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یو اے ای کے صدر کا دورہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا،  یو اے ای کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی برادرانہ ودیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ۔

دفتر خارجہ کے مطابق اس دورہ کےدوران دوطرفہ تعلقات، خطے اور عالمی سطح کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے، یہ دورہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام کو مزید تقویت بخشے گا۔

اس سے قبل پاکستان کی اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی دو طرفہ تعلقات اور مضبوط روابط کیلئے یو اے ای کا دورہ کر چکی ہے۔

واضح رہے کہ صدر متحدہ عرب امارات کے دورہ پاکستان کے تناظر میں اسلام آباد میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، اسلام آباد کی حدود میں واقع پاکستان سیکرٹریٹ اور تمام وفاقی ادارے بند رہیں گے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ بھی آج بند رہیں گے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی آج چھٹی کا اعلان کردیا ہے، رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس 26 دسمبر کو بند رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا کا ’انڈیا فرسٹ‘ دور ختم، پاکستان کو ٹرمپ انتظامیہ کی خارجہ پالیسی میں فوقیت مل گئی، واشنگٹن ٹائمز

وفاقی آئینی عدالت کے رجسٹرار نے بھی آج کی کازلسٹ منسوخ کرتے ہوئے عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آج اسلام آباد کے اسپتال، بینک، ضروری سروسز کے دفاتر، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، سی ڈی اے دفاتر، اسلام آباد انتظامیہ، پولیس، آئیسکو اور سوئی ناردرن گیس کے دفاتر کھلے رہیں گے۔

editor

Related Articles