مہنگائی کے اس دور میں موٹر سائیکل خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے ایک خوش آئند خبر سامنے آئی ہے ، ہونڈا کمپنی نے بینک الفلاح کے اشتراک سے صارفین کے لیے بغیر سود آسان اقساط کی ایک نئی اسکیم متعارف کرا دی ہے، جس کا مقصد عام شہریوں پر بڑھتے ہوئے مالی دباؤ کو کم کرنا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق اس اسکیم کے تحت صارفین بینک الفلاح کے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ہونڈا کی منتخب موٹر سائیکلز اقساط پر خرید سکتے ہیں۔
اس سہولت میں کسی قسم کا سود شامل نہیں ہوگا، جس سے خریداروں کو خاصی مالی آسانی میسر آئے گی۔ تاہم، صارفین کو پروسیسنگ فیس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی۔
یہ اقساطی اسکیم ایسے وقت میں متعارف کرائی گئی ہے جب موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث یکمشت ادائیگی عام صارفین کے لیے مشکل بنتی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق بغیر سود اقساط کی سہولت نہ صرف صارفین کو ریلیف فراہم کرے گی بلکہ اس سے مقامی آٹو موبائل مارکیٹ میں سرگرمی میں اضافے کی بھی توقع ہے۔
اس اسکیم میں ہونڈا کے تین مقبول اور زیادہ فروخت ہونے والے ماڈلز کو شامل کیا گیا ہے، جن میں ہونڈا سی ڈی 70، ہونڈا سی جی 125 اور ہونڈا سی جی 150 شامل ہیں ، ان ماڈلز کی دستیابی اقساط پر ہونے سے روزمرہ استعمال کے لیے موٹر سائیکل خریدنا نسبتاً آسان ہو جائے گا۔
ہونڈا سی ڈی 70 کی موجودہ قیمت 159,900 روپے مقرر کی گئی ہے، جسے صارفین اب تقریباً 26,650 روپے ماہانہ اقساط میں حاصل کر سکتے ہیں۔
اسی طرح سی جی 125 اور سی جی 150 بھی اسی سہولت کے تحت مختلف اقساطی پلانز کے ساتھ دستیاب ہوں گی، جس سے خریداروں کو بڑی رقم ایک ساتھ ادا کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
بینک الفلاح کے مطابق یہ اسکیم محدود مدت کے لیے متعارف کرائی گئی ہے اور موٹر سائیکلوں کی دستیابی اسٹاک سے مشروط ہوگی، مزید تفصیلات، اہلیت کے معیار اور شرائط و ضوابط جاننے کے لیے صارفین کو بینک الفلاح کی ہیلپ لائن یا اس کے آفیشل ذرائع سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔