دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی نیا سال 2026 نئی توقعات، خدشات اور امیدوں کے ساتھ دستک دینے والا ہے ہر سال کی طرح اس بار بھی عوام میں یہ جاننے کا تجسس پایا جاتا ہے کہ آنے والا سال ملکی سیاست اور اہم شخصیات کے لیے کیسا ثابت ہوگا، بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف کے لیے حالات آسان ہوں گے یا مزید کٹھن۔
اسی تناظر میں معروف ماہرِ علمِ نجوم سامعہ خان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیاست سمیت مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات کے بارے میں اپنی پیشگوئیاں پیش کیں ، پروگرام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے ستاروں اور آنے والے وقت کے حوالے سے بھی تفصیلی بات کی گئی۔
سامعہ خان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اکتوبر 2025 تک ستاروں کے اعتبار سے ایک مشکل یا ’’ڈینجر زون‘‘ میں تھے جس کے باعث انہیں سیاسی، معاشی اور انتظامی دباؤ کا سامنا رہا، تاہم ماہر نجوم کا کہنا ہے کہ اب ستاروں کی پوزیشن میں تبدیلی آچکی ہے اور شہباز شریف اس دباؤ سے نکلتے دکھائی دے رہے ہیں، جس سے آنے والے مہینوں میں انہیں نسبتاً ریلیف مل سکتا ہے۔
تاہم انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 16 فروری 2026 کو ایک ایسا ستارہ اپنی جگہ تبدیل کرنے جا رہا ہے جو نہ صرف سیاستدانوں بلکہ عام لوگوں کے لیے بھی تشویش کا باعث بن سکتا ہے، سامعہ خان کے مطابق یہ تبدیلی مجموعی طور پر حالات میں غیر متوقع اتار چڑھاؤ پیدا کر سکتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ کافی عرصے سے اس بات پر زور دیتی آ رہی ہیں کہ سیاستدانوں کو روایتی سیاست سے ہٹ کر قومی مفاد اور وطن پرستی کو ترجیح دینی چاہیے۔
ماہرعلم نجوم سامعہ خان نے کہا کہ اگر سیاستدانوں نے اپنے رویے اور طرزِ عمل میں مثبت تبدیلی نہ لائی تو خدا نخواستہ ملک میں نظام کی تبدیلی جیسے حالات بھی جنم لے سکتے ہیں، ان کے مطابق ستارے یہ اشارہ دے رہے ہیں کہ آنے والا وقت محض اقتدار کی سیاست کے بجائے دانشمندانہ فیصلوں کا متقاضی ہے۔
گفتگو کے دوران سامعہ خان نے یہ بھی پیشگوئی کی کہ مارچ سے جون 2026 کے درمیان ملکی سیاست میں بڑی پیش رفت یا تبدیلی کے امکانات نمایاں ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 2026 میں ستاروں کی چال ایسی بنتی دکھائی دے رہی ہے جس کے نتیجے میں ملک کے سیاسی نظام میں تبدیلی کے امکانات خاصے بڑھ سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ علمِ نجوم کو حتمی سچ قرار نہیں دیا جا سکتا تاہم ایسی پیشگوئیاں عوامی دلچسپی کا مرکز ضرور بنتی ہیں، اب دیکھنا یہ ہے کہ نیا سال 2026 واقعی وزیراعظم شہباز شریف اور ملکی سیاست کے لیے آسان ثابت ہوتا ہے یا چیلنجز مزید بڑھتے ہیں۔