سندھ بھر میں موسم سرما کی چھٹیوں کے اختتام کے بعد سرکاری و نجی اسکول یکم جنوری سے دوبارہ کھل گئے ہیں۔
سندھ کے ضلع عمرکوٹ سمیت مختلف اضلاع میں اسکول انتظامیہ نے طلبہ کو معمول کے مطابق کلاسوں میں حاضر ہونے کی ہدایت کی ہے، تاہم شدید سردی کے باعث حاضری معمول سے کم رہی۔
اسکولز انتظامیہ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ طلبہ کو اسکول بھیجتے وقت مناسب لباس اور سردی سے بچاؤ کے اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بچوں کی صحت متاثر نہ ہو، متعدد اسکولوں میں ہیٹر اور دیگر گرم رکھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو پڑھائی کے دوران سہولت میسر ہو۔
ترجمان محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق صوبے بھر میں موسم سرما کی تعطیلات 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک تھیں، اور تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے یکم جنوری سے معمول کے مطابق کھل گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ طلبہ کی حاضری پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور والدین کو بھی سکولوں کی جانب سے معلومات فراہم کی جائیں گی۔
عمرکوٹ میں مختلف اسکولوں کے اساتذہ اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سردی کے باوجود طلبہ کی حاضری میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے، اور والدین بچوں کو اسکول بھیجتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کر رہے ہیں۔
محکمہ تعلیم نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے میں غفلت نہ برتیں اور موسم کی شدت کے باوجود کلاسز میں موجود رہنے کی اہمیت کو سمجھیں، اس کے علاوہ اسکول انتظامیہ نے بچوں کے لیے اضافی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہی بھی فراہم کی ہے تاکہ سردی کے موسم میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔