پیٹرول اور ڈیزل کے بعدعوام کےلیے ایک اور ریلیف کا اعلان کردیا گیا ہے،پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کے بعد اب مٹی کے تیل کی قیمت میں نمایاں کمی کردی گئی ہے،حکومت کی جانب سے عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے نکالنے کے لیے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے بعد اب مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی خاطر خواہ کمی کر دی گئی ہے، جسے عام صارفین کے لیے ایک اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔
اس فیصلے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 9 روپے 66 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے۔
اس کمی کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 170 روپے 88 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل مٹی کا تیل 180 روپے 54 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا۔
اس طرح روزمرہ استعمال میں شامل اس ایندھن کی قیمت میں واضح فرق آیا ہے، جس سے خاص طور پر کم آمدنی والے طبقے کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
مٹی کا تیل اب بھی ملک کے کئی دیہی اور دور دراز علاقوں میں روشنی، کھانا پکانے اور دیگر بنیادی ضروریات کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ایسے علاقوں میں جہاں گیس یا بجلی کی سہولت محدود ہے، وہاں مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی براہ راست گھریلو اخراجات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے نہ صرف صارفین کو وقتی ریلیف ملے گا بلکہ مہنگائی کے مجموعی رجحان پر بھی کسی حد تک مثبت اثر پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پیٹرولیم ڈویژن نے رات گئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کا اعلان کیا تھا، اعلان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی جبکہ ہائی اسپیڈ
ڈیزل 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر سستا ہوا۔
یہ فیصلے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور ملکی معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔