نوابشاہ: مہران ہائی وے پر دھند کے باعث گاڑیوں میں تصادم ، 3 افراد جاں بحق

نوابشاہ: مہران ہائی وے پر دھند کے باعث گاڑیوں میں تصادم ، 3 افراد جاں بحق

صوبہ سندھ کے ضلع نوابشاہ میں مہران ہائی وے پر شدید دھند کے باعث افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 2 بچے زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ مہران ہائی وے پر بوچھیری کے مقام کے قریب اُس وقت پیش آیا جب شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہوگئی،  دھند کی وجہ سے دونوں آمنے سامنے سے آنیوالی  گاڑیاں ایک دوسرے کو بروقت نہ دیکھ سکیں اور ٹکرا گئیں ، یہ  تصادم اتنا شدید تھا کہ موقع پر ہی 3 افراد چل بسے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اورامدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا،  زخمی بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق نواب شاہ کے نواحی علاقوں سے تھا۔

دوسری جانب شدید دھند کی صورتحال صرف نواب شاہ تک محدود نہیں بلکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی دھند کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: برفباری کہاں کہاں ہو گی، سیاحوں کیلئے محکمہ موسمیات نے خوشخبر ی سنا دی

موٹروے پولیس اور دیگر متعلقہ حکام نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف موٹرویز کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے اور حادثات کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر ایم ون پشاور ٹول پلازہ سے برہان تک، ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے بالکسر تک اور ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔

 اسی طرح ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں اور ایم فائیو روہڑی سے شیر شاہ تک بند ہے جبکہ ایم الیون پر بھی ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔

موٹروے پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ  وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دھند کے دوران گاڑی چلاتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، رفتار کم رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ محفوظ رہ سکیں ۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *