آسٹریلیا کے ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، وہ ایشیز سیریز کا سڈنی میں پنک ٹیسٹ کھیلنے کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ سے فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کرنے والے عثمان خواجہ 88 واں ٹیسٹ کھیل کر ریٹائر ہوں گے۔
39 سالہ عثمان خواجہ نے 2011 میں ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے 15 سالہ ٹیسٹ کیرئیر میں 6 ہزار سے زائد رنز بنائے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق عثمان خواجہ نے عثمان خواجہ فاؤنڈیشن کے ذریعے آف دی فیلڈ ایک میراث قائم کی، وہ آسٹریلیا کے پہلے پاکستان میں پیدا ہونے والے اور پہلے مسلم ٹیسٹ کرکٹر ہیں۔
عثمان 2023 میں آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹر اور شین وارن ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے، وہ 2023 میں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ بھی تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ سب سے نمایاں احساس قناعت ہے، میں آسٹریلیا کی طرف سے بہت زیادہ میچز کھیلنے کی وجہ سے خوش قسمت ہوں، مجھے امید ہے کہ میں نے لوگوں کو متاثر کیا ہو گا۔
سی ای او کرکٹ آسٹریلیا ٹود گرین برگ نے کہا کہ عثمان خواجہ نے آسٹریلوی کرکٹ میں اپنی غیر معمولی پرفارمنس سے بہت حصہ ڈالا، عثمان خواجہ فاؤنڈیشن سے انہوں نے اپنا تاثر قائم کیا وہ ہمارے ایک اسٹائلش اور شاندار بلے باز ہیں ، آسٹریلیا کرکٹ کی جانب سے میں عثمان خواجہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور انہیں کامیابیوں پر مبارکباد دیتا ہوں۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹرعثمان خواجہ 87 ٹیسٹ 40 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں، ایشیز سیریز کا آخری ٹیسٹ 4 جنوری سے ایس سی جی میں شروع ہو گا۔
گزشتہ کچھ دنوں سے عثمان خواجہ سے متعلق ان کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کرنے کی خبریں گردش کر رہی تھیں، عثمان خواجہ سیریز کے پہلے پرتھ ٹیسٹ سے کمر کی تکلیف کا شکار ہونے کی بعد تنقید کا شکار ہوگئے تھے، وہ کمر کی تکلیف کے باعث برسبین ٹیسٹ میں حصہ نہیں لے سکے تھے جبکہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے انہیں ڈراپ کر دیا گیا تھا۔