کین ولیمسن کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

کین ولیمسن کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

نیوزی لینڈ کے اسٹار بیٹر اور سابق کپتان کین ولیمسن نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق کی ہے کہ کین ولیمسن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائر ہوگئے ہیں جبکہ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آنے والی وائٹ بال سیریز میں بھی حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے تاکہ دسمبر میں 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز پر توجہ دے سکیں۔

کین ولیمسن نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔ 2011 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے کین ولیمسن نے نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 93 میچز کھیلے جس میں انہوں نے 2 ہزار 575 رنز اسکور کیے ،جن میں 18 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ کین ولیمسن نے 75 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کیوی ٹیم کی قیادت بھی کی اور بلیک کیپس کو 2 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل (2016 اور 2022) اور ایک مرتبہ فائنل (2021) تک پہنچایا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کین ولیمسن نے اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے محسوس ہوا کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں ٹی ٹوئنٹی سے ایک قدم پیچھے ہٹ جاؤں۔ میرے لیے اور ٹیم کے لیے یہ درست وقت ہے۔

کین ولیمسن نے کہا کہ میرے اس فیصلے سے ٹیم کو آئندہ سیریز اور اپنے اگلے بڑے ہدف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے واضح سمت ملے گی۔ ولیمسن نے نئے کپتان مچل سینٹنر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک شاندار لیڈر قرار دیا اور ٹیم کے مستقبل پر اعتماد ظاہر کیا۔

واضح رہے کہ کین ولیمسن ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کھیلتے رہیں گے۔

editor

Related Articles