میرپور میں خواتین کی بڑی تعداد نے امن، استحکام اور ریاستی یکجہتی کے حق میں بھرپور آواز بلند کرتے ہوئے ’کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی‘ سے لاتعلقی اور بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
میرپور کشمیر پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس جس کی قیادت کشور ناہید مسلم کانفرنس، عام آدمی پارٹی کی چیئرپرسن نائلہ شکور، نسرین فاروق، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ تمنا حنان لون اور دیگر خواتین رہنماؤں نے کی۔
کالعدم تنظیموں کے خلاف مؤقف
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواتین مقررین نے کہا کہ آزاد جموں کشمیر ایک پُرامن خطہ ہے، تاہم ’کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی‘ خطے میں انتشار، بدامنی اور کشیدگی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے، جس کی کسی صورت گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام کو ایسے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے جو معاشرے میں تقسیم، بے چینی اور نفرت کو ہوا دینا چاہتے ہیں۔
پاکستان اور آزاد کشمیر کا اٹوٹ رشتہ
خواتین رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا رشتہ تاریخی، نظریاتی اور عوامی جذبات پر مبنی ہے، جسے کسی بھی صورت کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
امن و ترقی کے لیے مشترکہ عزم
مقررین کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے باشعور عوام امن، ترقی اور استحکام کے حامی ہیں اور کسی بھی ایسے طرزِ عمل کو قبول نہیں کریں گے جو ریاست میں بدامنی یا کشیدگی کا باعث بنے۔
انہوں نے عوام، بالخصوص خواتین سے اپیل کی کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، افواہوں اور اشتعال انگیز بیانیوں سے گریز کریں اور معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
خواتین اور بچوں کی بھرپور شرکت
پریس کانفرنس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد کشمیر کو امن، بھائی چارے اور ترقی کا گہوارہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی اور وطن دشمن یا انتشار پسند عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔