امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کو امریکہ چلائے گا اور امریکی تیل کمپنیاں وینزویلا جائیں گی۔
فلوریڈا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کرمنل چارجز کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو نیویارک منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی ہدایت پر امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت میں ایک غیرمعمولی آپریشن کیا، جس کے دوران امریکی فوج کی فضائی، زمینی اور سمندری طاقت کا شاندار مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ ان کے مطابق یہ امریکی فوجی طاقت کا ایک غیرمعمولی اور نمایاں مظاہرہ تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو امریکی فورسز نے ان کے بیڈروم سے گرفتار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتاری کے وقت کراکس میں مکمل اندھیرا تھا اور بجلی بند تھی۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ سلیمانی اور البغدادی کو بھی اسی طرز پر نشانہ بنایا گیا تھا، جبکہ ایران کی جوہری تنصیبات کو بھی اسی نوعیت کے حملے میں تباہ کیا گیا۔ ان کے مطابق تمام اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا گیا اور دنیا میں کوئی اور ملک ایسا کارنامہ انجام نہیں دے سکتا۔