محسن نقوی کا منی لانڈرنگ، جعلی ادویات میں ملوث مافیا کے خلاف بڑا حکم

محسن نقوی کا منی لانڈرنگ، جعلی ادویات میں ملوث مافیا کے خلاف بڑا حکم

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ، جعلی ادویات اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایف آئی اے کراچی زون اور ساؤتھ زون کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے منی لانڈرنگ میں ملوث مافیا کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے اور منی لانڈرنگ میں شامل عناصر کی مکمل منی ٹریل بے نقاب کی جائے۔ وزیر داخلہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ ‘حوالہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور زمینی سطح پر ایکشن نظر آنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ رینجرز نے سرحدوں کی حفاظت کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں ، وزیرداخلہ محسن نقوی

محسن نقوی نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس مافیا کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم اور نادان لوگوں کو جھانسہ دے کر غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک بھجوانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیر داخلہ نے زور دیا کہ بغیر کسی دباؤ کے ایجنٹس مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے اور اس ناسور کو جڑ سے ختم کیا جائے۔

اجلاس میں جعلی ادویات کے کاروبار پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والے انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں، ایسے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لایا جائے اور ان کے خلاف مثال قائم کی جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کراچی زون میں انسانی وسائل کی کمی کا بھی نوٹس لیا اور کہا کہ اس کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ ادارہ بہتر کارکردگی کے ذریعے اپنی نیک نامی میں اضافہ کر سکے۔

مزید پڑھیں:شہزاد اکبر اور عادل راجہ کے گرد گھیرا مزید تنگ، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی برطانوی دفتر خارجہ پہنچ گئے

اجلاس کے دوران ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران انسانی اسمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس عرصے میں 140 ملین روپے مالیت کی نان کسٹم مصنوعات اور منشیات بھی ضبط کی گئی ہیں۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر سہولت سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کی حالیہ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ منی لانڈرنگ، انسانی اسمگلنگ اور جعلی ادویات کے خلاف جاری آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *