پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جس کے بعد صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سیاست کے موجودہ رجحانات پر کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب الزام تراشی، بدتہذیبی اور گالی گلوچ کی سیاست کا وقت ختم ہو چکا ہے، ملک کو آگے لے جانے کے لیے عوامی خدمت اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
این اے 117 لاہور کے دورے کے موقع پر عبدالعلیم خان نے پارٹی سیکرٹریٹ کا افتتاح کیا، جہاں بڑی تعداد میں کارکنان اور مقامی رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا۔ اسی موقع پر پی ٹی آئی کے حلقہ پی پی 145 سے تعلق رکھنے والے اہم رہنما جواد خالد گجر نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیاست میں اختلاف رائے ضرور ہونا چاہیے مگر بدتہذیبی اور نفرت کی کوئی گنجائش نہیں ان کا کہنا تھا کہ عزت اور احترام ہر سیاستدان پر لازم ہے کیونکہ یہی رویہ معاشرے کو جوڑنے اور مسائل حل کرنے میں مدد دیتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ اب سیاست کو ذاتی مفادات کے بجائے عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے اور استحکام پاکستان پارٹی اسی وژن کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔
عبدالعلیم خان نے این اے 117 میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے اس حلقے میں تعلیمی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق رواں سال چار گرلز اسکول تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ آئندہ سال مزید دس سکول بنانے کا منصوبہ ہے انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ این اے 117 کو لاہور کے ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جائے گا اور جب تک یہ ہدف حاصل نہیں ہوتاچین سے نہیں بیٹھیں گے۔
صدر آئی پی پی نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے اپنے وسائل سے این اے 117 میں پچاس واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جا چکے ہیں جبکہ ماؤں اور بہنوں کے لیے مفت ڈسپنسریوں کے قیام پر بھی کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ علاقے کی بہتری کے لیے جہاں بھی جانا پڑا ضرور جائیں گے