سیکیورٹی اداروں نے کراچی میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنا دیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک نے کہا ہے کہ کراچی کو دہشت گردی کے ایک بڑے واقعے سے بچا لیا گیا ہے۔
کراچی میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک نے بتایا کہ دہشت گردی کا یہ منصوبہ بیرونِ ملک سے تیار کیا گیا تھا، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اظفر مہیسر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن کا تعلق کمانڈر بشیر بی ایل اے گروپ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں نے رئیس گوٹھ کے علاقے میں بارودی مواد چھپا رکھا تھا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران ایک ٹرک، 30 سے زائد بڑے ڈرم اور پانچ سلنڈر قبضے میں لے لیے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان کراچی میں بڑی دہشت گردی کی واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور بارودی مواد مختلف راستوں سے کراچی منتقل کیا جا رہا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران 2 ہزار کلو گرام سے زائد بارودی مواد برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا گیا ہے، جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے کمرشل بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات سیکیورٹی اداروں نے بلدیہ رئیس گوٹھ کے علاقے سے 4 ٹن سے زائد دھماکا خیز مواد برآمد کیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک بڑے دہشت گرد حملے کو ٹال دیا گیا۔