محکمۂ موسمیات نے شعبان المعظم 1447 ہجری کے چاند سے متعلق پیش گوئی کی ہے کہ یکم شعبان بدھ 21 جنوری 2026 کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق نئے قمری مہینے کا چاند 19 جنوری 2026 کو رات 12 بج کر 52 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم اسی روز ملک کے کسی بھی حصے، بشمول کراچی، میں چاند نظر آنے کا کوئی امکان موجود نہیں ہوگا۔
محکمۂ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق 19 جنوری کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 17 سے 18 گھنٹوں کے درمیان ہوگی، جو رویت کے لیے ناکافی سمجھی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق عام طور پر چاند کے نظر آنے کے لیے اس کی عمر کم از کم 19 گھنٹے یا اس سے زائد ہونا ضروری ہوتی ہے۔ اس مخصوص تاریخ پر غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 17 گھنٹے اور 40 منٹ ہوگی، جس کے باعث اس کا نظر آنا سائنسی طور پر ممکن نہیں سمجھا جا رہا۔
محکمۂ موسمیات نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ 29 رجب 1447 ہجری کو بھی ملک بھر میں کہیں چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں، اس سلسلے میں تمام سائنسی شواہد، فلکیاتی حساب اور مشاہدات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک تفصیلی رپورٹ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کو ارسال کر دی گئی ہے تاکہ فیصلے میں آسانی ہو سکے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگرچہ فلکیاتی حسابات کی بنیاد پر پیش گوئی کی جاتی ہے، تاہم اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی ہی کرتی ہے، چاند کی رویت سے متعلق فیصلہ مقامی شہادتوں، موسمی حالات اور دیگر شرعی تقاضوں کو سامنے رکھ کر کیا جاتا ہے، عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ شعبان المعظم کے آغاز سے متعلق سرکاری اعلان کا انتظار کریں۔