جدید اور سستی موبائل سروسز کی فراہمی کے لیے باضابطہ پالیسی نافذ

جدید اور سستی موبائل سروسز کی فراہمی کے لیے باضابطہ پالیسی نافذ

ملک میں جدید اور کم لاگت موبائل سروسز کی فراہمی کے لیے ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز (ایم وی این اوز) کے لیے باضابطہ پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اس پالیسی کے تحت ابتدائی مرحلے میں ایم وی این اوز کو 15 سال کے لیے لائسنس جاری کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں ایم وی این اوز کے لیے جامع پالیسی فریم ورک جاری کر دیا ہے۔ اس پالیسی کا مقصد ٹیلی کام سیکٹر میں جدت کو فروغ دینا اور صارفین کو بہتر، متنوع اور سستی موبائل سروسز فراہم کرنا ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق نئی پالیسی کے تحت موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹرز کو اپنا الگ اسپیکٹرم حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ موجودہ موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کے انفراسٹرکچر کے تعاون سے اپنی سروسز فراہم کر سکیں گے۔ اس طریقہ کار سے مارکیٹ میں نئے سروس فراہم کنندگان کے داخلے کی راہ ہموار ہوگی۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ملک میں مسابقتی ماحول کو تقویت ملے گی، نئی ٹیکنالوجیز اور جدت کے فروغ میں مدد ملے گی اور صارفین کو بہتر انتخاب کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق یہ پالیسی ڈیجیٹل پاکستان وژن کے اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل صارفین کے لیے خوشخبری؟ پی ٹی اے نے نیا پالیسی فریم ورک جاری کردیا

پی ٹی اے نے مزید بتایا ہے کہ ایم وی این او لائسنس کے اجرا کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں لائسنس کا مسودہ پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں لائسنس سے متعلق تمام شرائط اور ضوابط واضح طور پر شامل ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *