لاہور میں موبائل صارفین کے لیے ایک نئی اور سہولت بخش سروس متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت شہریوں کو ایک ہی مقام پر چار اہم سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے عوامی سہولت اور شہری سلامتی کے لیے ایک اور اہم اور انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے لاہور میں شہریوں کی سہولت اور تحفظ کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایمرجنسی فری موبائل فون چارجنگ سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر کے مختلف منتخب مقامات پر جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ہنگامی حالات میں شہریوں کو فوری رابطے اور مدد میسر آ سکے۔
اس سروس کے ذریعے ایک ہی جگہ پر پینک بٹن، سی ایم فری وائی فائی اور ایمرجنسی فری موبائل فون چارجنگ جیسی اہم سہولیات دستیاب ہیں۔ ان سہولیات کا مقصد یہ ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری بلا رکاوٹ اپنے اہل خانہ یا متعلقہ اداروں سے رابطہ کر سکیں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ حکومت نے لاہور بھر میں 100 مقامات پر ایمرجنسی موبائل فون چارجنگ اسٹیشنز نصب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ ان میں سے اب تک 30 مقامات پر یہ سہولت مکمل طور پر فعال ہو چکی ہے، جبکہ شہری بڑی تعداد میں اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اس منصوبے سے شہر کے سیفٹی زونز مزید مؤثر ہو گئے ہیں اور اب شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں موبائل فون کی بیٹری ختم ہونے کی فکر کے بغیر رابطے میں رہ سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف عوامی سہولت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ شہری تحفظ کے نظام کو بھی مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سہولیات کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو سکیں۔ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ لاہور کو ایک ماڈل محفوظ شہر بنانے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے، جو شہریوں کو بیک وقت تحفظ اور سہولت فراہم کرنے کی ضمانت دیتا ہے۔