پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کا نیا دور، عالمی سرمایہ کاروں کی قطاریں لگ گئیں، ’فن لیپ ‘ کا پاکستان میں آپریشنز کو وسعت دینے کا اعلان
Home - آزاد کاروبار - پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کا نیا دور، عالمی سرمایہ کاروں کی قطاریں لگ گئیں، ’فن لیپ ‘ کا پاکستان میں آپریشنز کو وسعت دینے کا اعلان
پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس کے شعبے میں ہونے والی نمایاں پیش رفت نے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے، اور اس شعبے میں بڑھتے ہوئے مواقع سرمایہ کاروں کا مرکز بن رہے ہیں۔
اسی تناظر میں، چین کے معروف فن وولیوشن گروپ اور اس کی ذیلی کمپنی فن لیپ کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران، ڈیجیٹل فنانس، ریگولیٹری اصلاحات اور مالی شمولیت کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفد نے ایس ای سی پی کی جانب سے کی گئی ریگولیٹری اصلاحات کو سراہتے ہوئے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں جدید مالیاتی حل متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔
چین کی فن وولیوشن گروپ اور اس کی ذیلی کمپنی فن لیپ فنانشل سروسز پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دے رہی ہیں۔ فن لیپ کا ’دائرہ‘ پلیٹ فارم صارفین کو آسان اور فوری ڈیجیٹل قرضہ سہولیات فراہم کر رہا ہے، جس سے کم سہولت یافتہ طبقات کے لیے باضابطہ کریڈٹ تک رسائی مزید وسیع ہوگی۔
شنگھائی میں قائم اور نیویارک اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ فن وولیوشن گروپ کی پاکستان میں توسیع عالمی مالیاتی برادری کے پاکستان کی معیشت پر اعتماد کی عکاس ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت پاکستان میں ڈیجیٹل فنانس، سرمایہ کاری، اور مالی شمولیت کے نئے دور کی بنیاد رکھ رہی ہے، جس سے ملک میں مالیاتی خدمات تک رسائی میں انقلاب آئے گا۔
ایس ای سی پی کے چیئرمین نے عالمی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ڈیجیٹل مالیاتی شمولیت کو تیز کرنے کے لیے ریگولیٹری فریم ورک کو مزید سازگار بنانے کا وعدہ کیا۔