آئی ایس پی آرکے مطابق بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔
نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کا استقبال چیف آف دی نیول اسٹاف نے کیا، ملاقات کے دوران باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سیکورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
نیول چیف نے ملاقات کے دوران پاک بحریہ کے خطے میں بحری امن اور استحکام کے لیے مختلف اقدامات اور کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی خطے میں محفوظ اور مستحکم بحری ماحول کے قیام کے لیے پُرعزم ہے۔
بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ نے پاک بحریہ کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کو سراہتے ہوئے دونوں برادر ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ملاقات میں اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل اور مشترکہ تربیتی مشقوں میں اضافے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ باہمی ہم آہنگی اور صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بنگلہ دیش ایئر چیف کا یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات کا مظہر ہے جو 2025 کے آخر میں ایڈمرل نوید اشرف کے دو رہ ڈھاکہ کے بعد مزید مستحکم ہو رہے ہیں، اس دورے کو دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان اعتماد اور تعاون کے فروغ کی اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔