سندھ بھر میں پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کی جانب سے ہڑتال کی کال واپس لینے کے بعد تعلیمی اداروں کے کھلنے سے متعلق اہم خبر سامنے آ گئی ہے۔
تازہ صورتحال کے مطابق جمعہ 9 جنوری کو نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان واپس لے لیا گیا ہے، جس کے بعد سندھ کے تمام پرائیویٹ اسکول اور کالجز کل معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے پرائیویٹ اسکولز کی جانب سے سامنے آنے والی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے فری شپ ڈیٹا کی تصدیق کے معاملے پر اسکول انتظامیہ کے تحفظات سنے۔ اس سلسلے میں وزیر تعلیم سندھ اور چیئرمین اینٹی کرپشن سے پرائیویٹ اسکولز کی نمائندہ تنظیموں کی ملاقات بھی ہوئی، جس میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات کو تسلیم کیا گیا۔
ملاقات کے دوران حکام نے پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ کے کسی بھی ضلع میں نہ تو والدین کو اور نہ ہی اسکول انتظامیہ کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسی یقین دہانی کے بعد پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ نے اپنی ہڑتال کی کال واپس لینے کا اعلان کیا۔
پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کا کہنا ہے کہ چونکہ ان کے تحفظات دور کر دیے گئے ہیں، اس لیے جمعہ 9 جنوری کی ہڑتال کی کال واپس لی جاتی ہے اور سندھ بھر کے تمام نجی تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔ اس سے قبل اسکول ایسوسی ایشنز کے گرینڈ الائنس نے 9 جنوری کو سندھ بھر میں نجی اسکولوں اور کالجوں کی مکمل ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ اسکول ایسوسی ایشنز سندھ کے رہنماؤں نے اینٹی کرپشن کی جانب سے اسکولوں میں جاری فری شپ کی تصدیقی کارروائیوں پر شدید خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ تعلیم کسی بھی ملک کی ترقی کا بنیادی ستون ہے، مگر بدقسمتی سے سندھ میں آج بھی لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ ایسے حالات میں پرائیویٹ تعلیمی ادارے محدود وسائل کے باوجود کم فیسوں میں لاکھوں بچوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں اور سماجی ذمہ داری کے تحت فری شپ کی سہولت بھی دے رہے ہیں۔