پاکستان اور امریکا کے تعلقات موجودہ دور میں اپنی تاریخ کی سب سے بلند سطح پر پہنچ چکے ہیں جس کے باعث ملک میں مستقبل قریب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے،امریکی سفارت خانے کے منسٹر کاؤنسلر برائے پبلک ڈپلومیسی اینڈی ہیلس نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات آج کل بے مثال مضبوط ہیں۔
ا نہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے درمیان دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات دونوں ممالک کے رشتے کو پختہ بنیاد فراہم کرتے ہیں۔
اینڈی ہیلس نے بتایا کہ امریکی حکومت کے ایگزم بینک کے تعاون سے پاکستان کے اہم معدنی منصوبے ریکوڈک میں سرمایہ کاری کی منظوری دی گئی ہے جس کی مالیت کئی ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی نجی کمپنیاں خاص طور پر مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں دلچسپی لے رہی ہیں جو پاک امریکا اقتصادی تعلقات میں اضافے کی علامت ہے امریکی سفارتکار نے وضاحت کی کہ سرمایہ کاری کے حتمی فیصلے نجی امریکی کمپنیوں کی ذمہ داری ہے تاہم ریکوڈک منصوبے میں امریکی سفارت خانے کی غیر معمولی دلچسپی موجود ہے۔
اینڈی ہیلس نے مزید کہا کہ امریکی کمپنیاں اپنے سرمایہ کاری کے منصوبوں میں مقامی ماہر اور باصلاحیت افرادی قوت کو ترجیح دیتی ہیں اور اس سے نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔
تعلیم کو پاک امریکا تعلقات کی بنیاد قرار دیتے ہوئے اینڈی ہیلس نے کہا کہ پاکستان میں فل برائٹ پروگرام کو 75 سال مکمل ہو چکے ہیں اور اس دوران 9 ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ نے امریکا کی معروف جامعات میں تعلیم حاصل کی ہے۔
انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو یو ایس ای ایف پی اور ایجوکیشن یو ایس اے کے مفت تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی۔اینڈی ہیلس نے زور دیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے درمیان تعلقات نہایت خوشگوار اور مضبوط ہیں اور صدر ٹرمپ نے کئی مواقع پر دونوں رہنماؤں کی تعریف بھی کی ہے۔امریکی سفارتکار نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایسے وقت میں پاکستان میں خدمات انجام دے رہے ہیں جب دونوں ممالک کے تعلقات اتنے مستحکم اور پختہ بنیادوں پر قائم ہیں۔