پاکستان اور امریکا کی 13ویں مشترکہ فوجی مشق انسپائرڈ گیمبٹ 2026 کا آغاز

پاکستان اور امریکا کی 13ویں مشترکہ فوجی مشق انسپائرڈ گیمبٹ 2026 کا آغاز

پاکستان اور امریکا نے اپنی 13ویں دوطرفہ مشترکہ فوجی مشق ’انسپائرڈ گیمبٹ 2026‘ کا آغاز کیا، جس کا مقصد انسدادِ دہشتگردی کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانا اور دونوں افواج کی عملی تیاری کو بہتر کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور امریکا کے درمیان براہِ راست پروازوں سے متعلق اہم پیش رفت

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 2 ہفتوں پر مشتمل یہ مشق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر میں شروع ہوئی، جو انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی) کے دائرہ کار میں منعقد کی جا رہی ہے۔ مشق میں پاکستان آرمی اور امریکی آرمی کے پیشہ ور دستے شریک ہیں۔ افتتاحی تقریب میں دونوں ممالک کے عسکری حکام نے شرکت کی، جس کے ساتھ مشترکہ تربیت کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’انسپائرڈ گیمبٹ 2026‘ کا بنیادی مقصد انسدادِ دہشتگردی کے تجربات کے تبادلے کے ذریعے باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینا ہے۔ مشق کے دوران مؤثر سی ٹی آپریشنز کے لیے درکار حربوں، تکنیکوں اور طریقۂ کار کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

تربیت میں شہری علاقوں میں جنگی کارروائیوں کے دوران باہمی ہم آہنگی پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے، جبکہ نشانہ بازی کی سخت مشقیں بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک دوسرے کے عملی نظریات اور بہترین طریقۂ کار کو سمجھنے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ طے، ٹیرف میں کمی ہوگی: وزارت خزانہ

آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس نوعیت کی مشترکہ فوجی مشقیں بدلتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ پیشہ ورانہ عسکری معیار کو بہتر بنانے اور پیچیدہ و جدید انسدادِ دہشت گردی ماحول میں مؤثر کارروائی کی صلاحیت کو مضبوط بناتی ہیں۔

’انسپائرڈ گیمبٹ 2026‘ پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری دفاعی اور سکیورٹی تعاون کی عکاس ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق خطے اور عالمی امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *