والدین کیلئے خوشخبری ، اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں نے بڑا اعلان کر دیا

والدین کیلئے خوشخبری ، اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں نے بڑا اعلان کر دیا

وفاقی دارالحکومت میں ہزاروں غیر اسکولی بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لانے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں نجی تعلیمی اداروں نے اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت 4 ہزار سے زائد بچوں کو بلا معاوضہ داخلے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اقدام وفاقی وزارتِ تعلیم کی ’’کوئی بچہ پیچھے نہ رہ جائے‘‘ مہم کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ہر بچے کو تعلیم کے بنیادی حق تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

پیرنٹس ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے ہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف قومی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں داخلہ مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور تعلیمی شمولیت کے عمل کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کی دیہی یونین کونسلوں میں کیے گئے ایک وسیع سروے کے دوران 5 سے 16 سال عمر کے 24 ہزار سے زائد ایسے بچوں کی نشاندہی کی گئی جو کسی بھی تعلیمی ادارے میں زیرِ تعلیم نہیں تھے۔ ان بچوں کا ریکارڈ متعلقہ تعلیمی اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں فوری طور پر تعلیمی نظام کا حصہ بنایا جا سکے۔

 یہ بھی پڑھیں :تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کے شیڈول پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلئے ہدایات جاری

پیرا حکام کے مطابق 100 سے زائد نجی اسکول اس مہم میں شامل ہو چکے ہیں اور انہوں نے 4 ہزار سے زائد بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کا یہ تعاون حکومت کی تعلیمی ایمرجنسی مہم کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ نئے داخل ہونے والے بچوں کو درسی کتب، اسٹیشنری اور دیگر ضروری تعلیمی سامان بھی مفت فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ طلبہ کی حاضری اور تعلیمی تسلسل برقرار رکھنے کے لیے خصوصی نگرانی کا نظام وضع کیا جائے گا۔

حکام نے عزم ظاہر کیا کہ جون 2026 کے اختتام تک اسلام آباد میں 25 ہزار غیر اسکولی بچوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے۔

editor

Related Articles