وزارتِ وفاقی تعلیم نے وفاقی دارالحکومت کی حدود میں قائم تمام نجی تعلیمی اداروں کو سال 2026ء کی گرمیوں کی تعطیلات کے شیڈول پر سختی سے عمل درآمد کا دوبارہ حکم دے دیا ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ وفاقی تعلیم کے ماتحت ادارے پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی، پیرا، کی جانب سے نیا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے تمام نجی تعلیمی ادارے 25 مئی سے 31 جولائی 2026ء تک گرمیوں کی تعطیلات کے پہلے سے طے شدہ شیڈول پر سختی سے عمل کرنے کے پابند ہوں گے۔
یہ اقدام وفاقی دارالحکومت میں بعض نجی اسکولوں کی جانب سے سرکاری احکامات کی واضح خلاف ورزی سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں تمام نجی اسکولوں کے مالکان اور پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 21 مئی کو جاری ہونے والے سرکاری شیڈول کی روح کے مطابق اور بغیر کسی استثنیٰ کے تعمیل یقینی بنائیں۔
پیرا نے خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر کسی بھی نجی تعلیمی ادارے نے ان احکامات کو نظر انداز کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ذریعے پیرا ایکٹ 2013ء کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکومتِ پنجاب صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں 22 مئی سے 23 اگست 2026ء تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر چکی ہے، جہاں 24 اگست سے باقاعدہ کلاسز کا آغاز ہوگا۔
تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے لیے گرمیوں کی تعطیلات 31 جولائی 2026ء تک ہی برقرار رکھی گئی ہیں۔