پاکستان بھر کے انٹرنیٹ صارفین کے لیے ایک اہم اور تشویشناک خبر سامنے آ گئی ہے، کیونکہ 15 جنوری کو ملک میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا امکان ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی اور ممکنہ تعطل کا سبب ایک اہم بین الاقوامی سب میرین انٹرنیٹ کیبل پر ہونے والا مرمتی کام بتایا جا رہا ہے، جس کے اثرات ملک بھر میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی معروف کمپنی نیا ٹیل (Nayatel) کے مطابق یہ مرمتی کارروائی 15 جنوری کو دوپہر تقریباً 2 بجے شروع ہوگی اور اس عمل میں کم از کم آٹھ گھنٹے لگ سکتے ہیں، اس دوران صارفین کو براؤزنگ، ویڈیو اسٹریمنگ، آن لائن میٹنگز اور دیگر ڈیجیٹل سرگرمیوں میں سست روی یا وقتی تعطل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
نیا ٹیل کی جانب سے صارفین کو بھیجے گئے ای میل میں بتایا گیا ہے کہ یہ مرمت ایک بین الاقوامی سب میرین کیبل پر کی جا رہی ہے جو پاکستان کو عالمی انٹرنیٹ نیٹ ورک سے جوڑتی ہے ، کمپنی نے مرمت کی جگہ یا خرابی کی نوعیت کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، تاہم اسے ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق مرمتی کام کے دوران انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا، مگر اس کے باوجود رفتار متاثر ہونے کا امکان موجود ہے۔
واضح رہے کہ سب میرین کیبلز پاکستان کے بین الاقوامی ڈیٹا ٹریفک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان کیبلز میں کسی بھی قسم کی خرابی یا مرمت براہِ راست انٹرنیٹ صارفین کو متاثر کرتی ہے، جس سے آن لائن کاروبار، فری لانسنگ، تعلیمی سرگرمیاں اور ڈیجیٹل خدمات متاثر ہو سکتی ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ملک میں انٹرنیٹ تعطل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو، روان ماہ کے آغاز، یکم جنوری 2026 کو بھی پاکستان بھر میں شدید انٹرنیٹ سست روی اور بندش دیکھی گئی تھی، جو ایک اپ اسٹریم انٹرنیٹ فراہم کنندہ میں تکنیکی خرابی کے باعث دو دن سے زائد جاری رہی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی انٹرنیٹ کنیکٹیوٹی کے لیے محدود سب میرین کیبلز پر انحصار کرتا ہے، جس کے باعث مرمتی کاموں کے اثرات نمایاں ہو جاتے ہیں۔
نیا ٹیل اور دیگر انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 15 جنوری کو اپنی اہم آن لائن سرگرمیوں کی پیشگی منصوبہ بندی کریں تاکہ کسی ممکنہ تعطل سے بچا جا سکے۔