شہباز شریف نے بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، سی پیک، خطے کی صورتحال اور اسٹریٹجک تعاون سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہوئی جسے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی کا اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے چینی ہم منصب لی چیانگ کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا جبکہ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات پر مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اگلے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاک چین دیرینہ اسٹریٹجک تعاون پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے جبکہ دونوں ممالک کی آہنی دوستی باہمی اعتماد، ترقی، امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر قائم ہے۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔