علی امین گنڈاپور اپنی ہی پارٹی اور حکومت کے بیانیے کے خلاف بول پڑے

علی امین گنڈاپور اپنی ہی پارٹی اور حکومت کے بیانیے کے خلاف بول پڑے

خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے سینیئر راہنما علی امین گنڈا پور نے تصدیق کی ہے کہ افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے کے واضح اور ٹھوس دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شواہد محض دعوؤں تک محدود نہیں بلکہ صوبائی اور وفاقی سطح پر باقاعدہ طور پر ریکارڈ کا حصہ ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ وہ سابق وزیراعلیٰ کی حیثیت سے اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت دونوں کے پاس ایسے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ تحریکِ طالبان پاکستان افغانستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی کارروائیاں کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کس نےپھیلائی؟تحقیقات ہونی چاہیے،رانا ثناء اللہ بول پڑے

انہوں نے کہا کہ یہ سرگرمیاں افغان حکومت اور تحریکِ طالبان افغانستان کے علم میں ہیں اور ان کی سرپرستی یا کم از کم چشم پوشی کے بغیر یہ ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحد پار محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی دہشتگرد عناصر کو پاکستان میں حملوں کے بعد دوبارہ منظم ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے جو ایک سنگین سیکیورٹی چیلنج ہے۔

سابق وزیراعلیٰ کے مطابق خیبرپختونخوا میں پیش آنے والے متعدد دہشتگردی کے واقعات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں جبکہ کئی کارروائیوں کے بعد افغان شہریوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران ملنے والی معلومات اور اعترافی بیانات اس امر کی تصدیق کرتے ہیں کہ دہشتگرد نیٹ ورکس سرحد کے دونوں جانب منظم انداز میں کام کر رہے ہیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے اور اس معاملے کو سفارتی اور سیکیورٹی دونوں سطحوں پر سنجیدگی سے اٹھانا ہوگا تاکہ پاکستان کے عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا میں جو دہشتگردی ہے اسکے پیچھے سیاسی اور مجرمانہ گٹھ جوڑ ہے : ترجمان پاک فوج

واضح رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا کے موجودہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ریاست کو اس دعوے کے حق میں شواہد فراہم کرنے چاہییں کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ علی امین گنڈا پور کے حالیہ بیان کو اسی تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ انہوں نے براہِ راست دستاویزی ثبوت کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

سیاسی اور سیکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق سابق وزیراعلیٰ کا یہ مؤقف نہ صرف داخلی سلامتی کے بیانیے کو تقویت دیتا ہے بلکہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں جاری کشیدگی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت بھی سمجھا جا رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *