پیٹرول و ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد

پیٹرول و ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد

پنجاب حکومت نے صوبے میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، تاہم فیلڈ ڈیوٹی پر مامور گاڑیاں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ آئندہ سرکاری محکموں کے لیے صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں ہی خریدی جا سکیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے کیا گیا ہے۔

چیف سیکرٹری نے مزید بتایا کہ نئے پیٹرول پمپس کے لیے این او سی کی منظوری کو الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ کسی بھی نئے پیٹرول پمپ کو الیکٹرک چارجنگ یونٹ کے بغیر کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے گرین انرجی کے فروغ کو ترجیح دی جا رہی ہے، جبکہ صوبے میں نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ملکی دفاع کے لیے خطیر ضمنی گرانٹس منظور، پنجاب ’ایس ڈی جیز‘ کے لیے بھی 2 ارب مختص

چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق این او سی حاصل کرنے والے 170 نئے پیٹرول پمپس پر الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے۔ ان پیٹرول پمپس میں فیصل آباد میں 29، لاہور میں 14، بہاولپور میں 10، خانیوال اور بہاولنگر میں 9، راولپنڈی اور جھنگ میں 8، جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، قصور اور چنیوٹ میں 7 نئے پیٹرول پمپس شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنائیں گے بلکہ صوبے میں گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ اور پائیدار ترقی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *