پاکستان نے اقوام متحدہ میں ایران کی صورتحال کے حل کیلئے سفارتکاری اور مذاکرات پر زوردیا ہے ۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ایران اور خطے کی صورتحال پر تشویش ہے اور طاقت کا استعمال صورتحال کو مزید سنگین کردے گا، سفارتکاری اپنائی جائے۔
عاصم افتخار نے کہا ہے کہ ہم ایران اور خطےکی صورت حال کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں، تمام تنازعات کے پرامن حل پریقین رکھتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مستحکم ایران پاکستان اور خطے کے مفاد میں ہے، اقوام متحدہ کا چارٹر طاقت کےاستعمال کی مخالفت کرتا ہے اور بیرونی مداخلت یواین چارٹر کے بھی خلاف ہے۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ امید ہے کہ ایران کی صورتحال جلد نارمل ہوگی، بیرونی دباؤ، اندرونی ہنگامہ آرائی ختم ہوگی، ایران پاکستان کا برادر ہمسایہ ملک ہے اور مسائل کے حل کے لیے پاکستان سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ میں چینی مندوب نے کہا ہے کہ امریکا ایران پر طاقت کے استعمال کی کوشش فوری ترک کرے۔
چینی مندوب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران کو مسلسل طاقت کے استعمال کی دھمکیاں دے رہا ہے جس سے مشرق وسطیٰ میں ایک اور جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین کسی بھی ملک کی سالمیت کے خلاف طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے، چین چاہتا ہے کہ مسائل کا حل اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کے مطابق ہو۔
علاوہ ازیں روسی مندوب نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکی بیانات کسی بھی ملک کی سالمیت کے خلاف اور اندرونی معاملات میں مداخلت ہیں۔
روسی مندوب نے مزید کہا ہے کہ امریکی کارروائی سے خطہ مزید بحران کا شکار ہوجائے گا، روسی مندوب کی جانب سے فریقین کو مسائل کے پرامن حل میں تعاون کی پیشکش بھی کی گئی۔