سرگودھا دھند کے باعث خوفناک ٹریفک حادثہ، اسلام آباد سے فیصل آباد جانے والی گاڑی نہر میں جا گری، ایک ہی خاندان کے 14 افراد جاں بحق

سرگودھا دھند کے باعث خوفناک ٹریفک حادثہ، اسلام آباد سے فیصل آباد جانے والی گاڑی نہر میں جا گری، ایک ہی خاندان کے 14 افراد جاں بحق

سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن کے قریب شدید دھند کے باعث پیش آنے والے خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔

افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسلام آباد سے فیصل آباد جانے والی مزدہ گاڑی دھند کے باعث بے قابو ہو کر سڑک کنارے نہر میں جا گری اور قریب سے گزرنے والے ٹرک کے نیچے آ گئی۔

یہ بھی پڑھیں:کوسٹل ہائی وے پر خوفناک ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق، 4 زخمی

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں اور لاشوں کو نہر سے نکالا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں ٹرک تلے دبنے کے باعث ہوئیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کا شکار تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور فیصل آباد میں ایک قریبی عزیز کے جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں یہ المناک سانحہ پیش آ گیا۔ شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم تھی جس کے نتیجے میں ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا۔

مزید پڑھیں:فیصل ایونیو پر خوفناک ٹریفک حادثہ، پانچ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ٹریفک کو متبادل راستوں سے روانہ کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے اور لواحقین کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

حادثے کے بعد علاقے میں غم اور سوگ کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ شہریوں نے دھند کے موسم میں تیز رفتاری اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دھند کے دوران ٹریفک کنٹرول کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *