ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونے کاامکان

ملک بھر میں بجلی مہنگی ہونے کاامکان

ملک میں بجلی صارفین کے لیے بری خبر، جہاں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر بجلی کی قیمت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، دسمبر کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی تقریباً 48 پیسے فی یونٹ مہنگی ہو سکتی ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے دسمبر 2025 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ سے متعلق اپنی باضابطہ درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرا دی ہے،  اس درخواست پر نیپرا 29 جنوری کو عوامی سماعت کرے گی، جس کے بعد حتمی فیصلہ سامنے آنے کا امکان ہے۔

سی پی پی اے کی جانب سے جمع کرائے گئے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر کے مہینے میں مجموعی طور پر 8 ارب 48 کروڑ 70 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 8 ارب 20 کروڑ 80 لاکھ یونٹس فراہم کیے گئے، اس دوران بجلی کی اوسط پیداواری لاگت 9 روپے 62 پیسے فی یونٹ رہی۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر کے صارفین کے لیے خوشخبری ، بجلی سستی ہونےکا امکان

ایندھن کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دسمبر میں سب سے زیادہ بجلی جوہری ایندھن سے حاصل کی گئی، جس کا تناسب 25 فیصد سے زائد رہا۔ پانی سے تقریباً 18 فیصد، مقامی کوئلے سے قریب 14 فیصد جبکہ درآمدی ایل این جی سے 17 فیصد کے قریب بجلی پیدا کی گئی۔

اس کے علاوہ مقامی گیس سے 11 فیصد بجلی حاصل کی گئی، جبکہ فرنس آئل اور ڈیزل سے بجلی کی پیداوار نہ ہونے کے برابر رہی ، پیداواری لاگت کے لحاظ سے ایل این جی سے بجلی مہنگی ترین رہی، جس کی فی یونٹ لاگت 20 روپے سے زائد بتائی گئی، جبکہ جوہری ایندھن سے بجلی نسبتاً سستی، تقریباً 2 روپے 30 پیسے فی یونٹ رہی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نومبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں حکومت نے صارفین کو ریلیف فراہم کیا تھا، جس کے تحت بجلی 93 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی تھی اور اس کا اطلاق جنوری کے بلوں میں کیا گیا تاہم اب نئی مجوزہ ایڈجسٹمنٹ سے عوام کیئے بجلی مہنگی ہوسکتی ہے۔

editor

Related Articles