پاکستان نے سعودی عرب کے ادارے تکامول کے ساتھ اسکل ویریفکیشن پروگرام، ایس وی پی، کے نفاذ کے لیے باضابطہ معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت سعودی عرب میں کام کرنے کے خواہشمند ہنرمند افراد کے لیے مہارت کی تصدیق لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
سعودی حکومت کی جانب سے یہ پروگرام یکم جولائی سے متعارف کروایا گیا تھا، جس کا اطلاق پاکستان سمیت دیگر ایشیائی ممالک کے ہنرمند کارکنوں پر بھی ہوگا۔
حکام کے مطابق سعودی عرب میں ملازمت کے خواہاں ہنرمند افراد کو اب تکامول کے تحت اپنی فنی مہارتوں کی تصدیق کروانا ہوگی، جس کے بغیر مملکت میں روزگار حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ اس پروگرام کا مقصد سعودی لیبر مارکیٹ میں آنے والے کارکنوں کی مہارت، قابلیت اور پیشہ ورانہ معیار کو یقینی بنانا ہے تاکہ مختلف شعبوں میں مطلوبہ معیار برقرار رکھا جا سکے۔
معاہدے کے تحت پاکستان سے سعودی عرب جانے کے خواہشمند امیدواروں کو تکامول ایس وی پی ٹیسٹ پاس کرنا ہوگا۔ یہ ٹیسٹ اس بات کی جانچ کرے گا کہ امیدوار متعلقہ پیشے کے لیے مقرر کردہ تکنیکی اور عملی معیارات پر پورا اترتا ہے یا نہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف سعودی عرب میں پاکستانی کارکنوں کی ساکھ بہتر ہوگی بلکہ ہنرمند افراد کو بہتر روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
اس پروگرام کے نفاذ میں نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن، این وی ٹی ٹی سی، کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جو مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر اسکل اسیسمنٹ، تربیت اور سرٹیفکیشن کے عمل کو مؤثر بنانے میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ این وی ٹی ٹی سی کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پاکستانی ہنرمندوں کی بین الاقوامی سطح پر قبولیت میں اضافہ ہوگا۔
اسکل سرٹیفکیٹ کے لیے رجسٹریشن کا طریقہ
سعودی عرب جانے کے خواہشمند امیدواروں کو اسکل ویریفکیشن پروگرام میں شامل ہونے کے لیے آفیشل ایس وی پی انٹرنیشنل پورٹل https://svp-international.pacc.sa/auth/register پر رجسٹریشن کرنا ہوگی۔ امیدواروں کو اپنی ضروری ذاتی اور پیشہ ورانہ معلومات درج کرکے پروفائل مکمل کرنا ہوگا، اس کے بعد مہارت کی تشخیص کے لیے تشخیصی مرکز، متعلقہ تجارت اور ٹیسٹ کی تاریخ کا انتخاب کیا جائے گا۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد امیدوار رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ کریں گے اور مقررہ تاریخ، وقت اور مقام پر اسکل ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔ تکامول اسکل تصدیقی سرٹیفکیٹ کی فیس 50 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 14 ہزار 100 روپے بنتی ہے۔
سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقہ
حکام کے مطابق اگر امیدوار کامیابی سے اسکل ٹیسٹ پاس کر لیتا ہے تو اس کا نتیجہ اور اسکل ویریفکیشن سرٹیفکیٹ تشخیص کے 24 گھنٹے کے اندر پورٹل پر اپ لوڈ کر دیا جاتا ہے، جسے امیدوار آن لائن ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔ یہ سرٹیفکیٹ سعودی عرب میں ملازمت کے حصول کے لیے لازمی دستاویز تصور کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق اسکل ویریفکیشن پروگرام سے غیر ہنرمند افراد کی حوصلہ شکنی ہوگی جبکہ باصلاحیت اور تربیت یافتہ پاکستانی کارکنوں کے لیے خلیجی ممالک میں روزگار کے بہتر اور محفوظ مواقع پیدا ہوں گے۔