کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشگردی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر پنجاب کے مختلف شہروں میں بھرپور اور منظم کارروائیاں کرتے ہوئے 49 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا، جن میں بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایک ایجنٹ بھی شامل ہے، یہ گرفتاریاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک ہفتے کے دوران کی گئیں، جن کے ذریعے ایک بڑے دہشتگردی نیٹ ورک کو ناکام بنایا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق لاہور میں کی گئی ایک اہم کارروائی کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ مجتبیٰ گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد، اسلحہ اور اہم سرکاری و حساس عمارتوں کے نقشے برآمد ہوئے، حکام کا کہنا ہے کہ یہ نقشے ممکنہ دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے، جس سے سیکیورٹی اداروں کو بروقت کارروائی کا موقع ملا ہے۔
حکام نے بتایا کہ گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد کے علاوہ خودکش جیکٹ بنانے کا سامان بھی برآمد کیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ عناصر مختلف شہروں میں دہشتگرد کارروائیاں کر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے تھے، جبکہ بعض ملزمان کے بیرونی دہشتگرد نیٹ ورکس سے روابط کے شواہد بھی ملے ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران صوبے بھر میں 6 ہزار 131 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے نتیجے میں 5 سو 99 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 2 لاکھ 43 ہزار 546 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، ان آپریشنز کا مقصد دہشتگردوں، سہولت کاروں اور مشتبہ عناصر کی نشاندہی کر کے امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں لاہور، راولپنڈی، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، چکوال، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اور فیصل آباد سمیت مختلف اضلاع میں کی گئیں، جہاں حساس مقامات اور داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی حکام نے واضح کیا ہے کہ دہشتگردی کے خطرات کے پیش نظر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید تیز کیا جا رہا ہے، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشتبہ سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔