گاڑی رجسٹریشن پالیسی میں بڑی تبدیلی، دوسرے صوبے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں، بڑی سہولت متعارف

گاڑی رجسٹریشن پالیسی میں بڑی تبدیلی، دوسرے صوبے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں، بڑی سہولت متعارف

دوسرے صوبوں اور وفاق میں رجسٹرڈ گاڑی مالکان کے لیے ایک بڑی اور خوش آئند خبر سامنے آ گئی ہے، پنجاب حکومت نے ایسی گاڑیوں کو صوبے میں رجسٹرڈ کرانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت اب دیگر صوبوں اور وفاق میں رجسٹرڈ گاڑی مالکان معمولی فیس ادا کر کے پنجاب میں اپنی گاڑی رجسٹرڈ اور ٹرانسفر کروا سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:گاڑی کی رجسٹریشن کا مسئلہ حل ! اب شہریوں کے لیے سب آسان

ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب عمر شیر چٹھہ کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے گاڑی مالکان کو اس صوبے یا وفاق سے این او سی حاصل کرنا ہوگا جہاں گاڑی پہلے سے رجسٹرڈ ہے، این او سی کے بعد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب گاڑی کی مکمل تصدیق کے بعد رجسٹریشن کا عمل مکمل کرے گا۔

ڈی جی ایکسائز کا کہنا ہے کہ دوسرے صوبوں اور وفاق میں رجسٹرڈ گاڑیاں بڑی تعداد میں پنجاب کی سڑکوں پر چلتی ہیں، لیکن ان کا ٹوکن ٹیکس اور دیگر محصولات دوسرے صوبوں کو ادا کیے جاتے ہیں، اس اقدام سے پنجاب کو ریونیو میں اضافہ ہوگا اور گاڑی مالکان کو بھی بار بار دیگر صوبوں کے دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔

عمر شیر چٹھہ کے مطابق ایکسائز حکام جدید آن لائن سسٹم کے ذریعے گاڑیوں کا مکمل ریکارڈ چیک کریں گے، تصدیق کے بعد گاڑی کو پنجاب میں رجسٹرڈ کر کے نیا نمبر الاٹ کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے خصوصی سافٹ ویئر تیار کر لیا گیا ہے، جو گاڑیوں کے ڈیٹا کی فوری جانچ پڑتال میں مدد دے گا۔

مزید پڑھیں:ٹوکن ٹیکس نہ ادا کرنے والی گاڑیوں کی رجسٹریشن معطل کرکے انہیں سسٹم میں بلاک کرنے کا فیصلہ

حکام کے مطابق یہ سہولت رواں ماہ سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں متعارف کرا دی جائے گی، ابتدائی مرحلے میں بڑے شہروں میں اس کا آغاز کیا جائے گا، جس کے بعد مرحلہ وار تمام اضلاع میں ٹرانسفر اور رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف عوام کو سہولت ملے گی بلکہ جعلی رجسٹریشن اور غیر قانونی نمبر پلیٹس کی حوصلہ شکنی بھی ہو سکے گی، جبکہ صوبے میں گاڑیوں کا درست اور شفاف ریکارڈ مرتب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *