پنجاب حکومت نے شہریوں کے لیے گاڑیوں کے دلکش اور منفرد رجسٹریشن نمبرز حاصل کرنے کی سہولت کو مزید آسان بنا دیا ہے، جس کے تحت اب آن لائن رجسٹریشن اور ای آکشن سسٹم کے ذریعے اپنی پسند کا نمبر حاصل کیا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دلچسپی رکھنے والے شہری 30 نومبر تک رجسٹریشن کرا کے اپنی پسندیدہ نمبر پلیٹ کے حصول کے لیے نیلامی میں حصہ لے سکتے ہیں۔
یہ نیا نظام محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول پنجاب نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تعاون سے تیار کیا ہے، جسے نومبر میں باضابطہ طور پر لانچ کیا گیا، اس سسٹم کے تحت شہری ای آکشن ایپ یا ویب پورٹل کے ذریعے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں دونوں کے رجسٹریشن نمبرز کے لیے نیلامی میں حصہ لے سکتے ہیں۔
نیلامی مکمل ہونے کے بعد کامیاب بولی دہندگان کے نام اور تفصیلات ایپ پر عوامی طور پر دستیاب ہوں گی، جس سے پورا عمل شفاف اور قابلِ نگرانی ہو گیا ہے۔
چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کے مطابق ای آکشن سسٹم نے نمبر پلیٹس کی نیلامی کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل، شفاف اور سہل بنا دیا ہے، اب شہری اپنے گھروں سے ہی باآسانی رجسٹریشن کر سکتے ہیں اور نیلامی میں حصہ لے سکتے ہیں، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ عوامی سہولت میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نظام پنجاب حکومت کی ڈیجیٹل گورننس کے وژن کا حصہ ہے، جو عوامی خدمات کو زیادہ شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق خصوصی یا خوبصورت نمبر پلیٹس حاصل کرنے کا رجحان اب ایک سماجی مظہر بن چکا ہے، شہری عموماً ایسے نمبرز کا انتخاب کرتے ہیں جن کی ان کے لیے ذاتی یا مذہبی اہمیت ہو، جیسے 786، 111، 2025 یا اپنی تاریخِ پیدائش۔ کچھ افراد ان نمبروں کو اسٹیٹس سمبل کے طور پر استعمال کرتے ہیں تاکہ اپنی حیثیت یا سماجی شناخت ظاہر کر سکیں، چونکہ ایسے نمبرز محدود اور قیمتی سمجھے جاتے ہیں، اس لیے ان کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ اس ای آکشن سسٹم سے نہ صرف عوام کو آسانی ہوگی بلکہ حکومتی آمدن میں بھی اضافہ متوقع ہے، شفاف نیلامی کے ذریعے نایاب نمبرز ان شہریوں تک پہنچیں گے جو واقعی ان میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
پنجاب حکومت کے مطابق یہ اقدام عوامی خدمت کے جدید ماڈل کی جانب ایک اور قدم ہے، جس سے شفافیت، سہولت اور ڈیجیٹل تبدیلی کو فروغ ملے گا۔