کاروباری ہفتے کے اختتام پر ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں مسلسل اضافے کے بعد آج سونے کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے، جہاں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 600 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 4 لاکھ 81 ہزار 862 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اس کمی کے باوجود سونے کی مجموعی قیمت اب بھی بلند سطح پر موجود ہے، جو گزشتہ چند ماہ کے دوران مسلسل اضافے کے بعد سامنے آئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، رپورٹ کے مطابق 10 گرام سونا 515 روپے سستا ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت 4 لاکھ 13 ہزار 118 روپے ہو گئی ہے۔
صرافہ مارکیٹ کے تاجروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مقامی سطح پر ڈالر کی قدر میں تبدیلیاں سونے کی قیمت پر براہ راست اثر ڈالتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق حالیہ کمی کے باوجود سونا اب بھی ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب مہنگائی اور معاشی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سونے کی قیمت میں معمولی کمی سے خریداروں کی دلچسپی میں اضافہ ہو سکتا ہے، بالخصوص شادی بیاہ کے سیزن کے پیش نظر مارکیٹ میں خریداری کا رجحان بڑھنے کا امکان ہے۔
صرافہ بازار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتیں عالمی حالات اور معاشی پالیسیوں کے مطابق مزید رد و بدل کا شکار ہو سکتی ہیں ۔