کراچی، ایم اے جناح روڈ پر شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی،3افراد جاں بحق،متعدد زخمی

کراچی، ایم اے جناح روڈ پر شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی،3افراد جاں بحق،متعدد زخمی

کراچی شہر کے ایم اے جناح روڈ پرمصروف تجارتی علاقے گل پلازہ میں قائم دکانوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے افسوسناک جانی نقصان ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ کم از کم 13فراد زخمی ہو گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق حادثے کے فوراً بعد زخمیوں کو مختلف ایمبولینسز کے ذریعے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

 بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق گل پلازہ کے قریب دکانوں میں آگ لگنے کی اطلاع سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کو موصول ہوئی، جس پر فوری طور پر فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں کو ایمبولینسز اور فائر بریگیڈ ٹرکس کے ہمراہ جائے وقوعہ پر روانہ کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث امدادی کارروائیاں انتہائی احتیاط کے ساتھ انجام دی جا رہی ہیں جبکہ آگ پر قابو پانے کا عمل مسلسل جاری ہے،ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے بتایا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم سات افراد جھلس کر زخمی ہوئے، جنہیں ایدھی ایمبولینس سروس کے ذریعے سول ہسپتال منتقل کیا گیا ، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور مزید ایمبولینسز کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کراچی: ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی، 10 افراد زخمی

دوسری جانب واٹر بورڈ کے ترجمان نے آگاہ کیا کہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کی۔
سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایات پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تاکہ آگ بجھانے کے لیے پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن نے فوری طور پر متعدد واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ کی جانب روانہ کیے۔ ہائیڈرنٹس سیل کے انچارج محمد صدیق تنیو فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

واٹر بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جب تک آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پا لیا جاتا، واٹر ٹینکرز کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فائر بریگیڈ، ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے باہمی تعاون سے امدادی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کی وجوہات کا تعین آگ بجھنے کے بعد کیا جائے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *