خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں شدید برفباری کے باعث مکان پر برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک 8 سالہ بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔
یہ افسوسناک واقعہ چترال کے دور افتادہ علاقے سریگال دمیل ارندو میں پیش آیا، جہاں باچا نامی شخص کے مکان پر شدید برفباری کے باعث برفانی تودہ گر گیا۔ حادثے کے نتیجے میں گھر میں موجود 10 افراد ملبے تلے دب گئے۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے ملبے سے 9 افراد کی لاشیں نکال لیں، جبکہ ایک 8 سالہ بچی کو زندہ نکال لیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 خواتین اور 5 مرد شامل ہیں۔
جاں بحق افراد کی شناخت 35 سالہ باچا خان، 34 سالہ روزیا بی بی، 15 سالہ حسینہ، 13 سالہ شبینہ، 11 سالہ ارشاد احمد، 10 سالہ شاہینہ، 7 سالہ صادقہ، 5 سالہ شوکت احمد اور 3 سالہ بلال کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چترال میں برفانی تودہ گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کی ہے۔ صدر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
انہوں نے کہا کہ شدید بارش اور برفباری موسمیاتی ہنگامی صورتحال کی واضح نشانیاں ہیں اور موسمی تبدیلیوں کے مطابق نقصانات کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے وفاقی اور صوبائی حکام کو متاثرہ علاقوں میں امدادی اقدامات تیز کرنے اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی برفانی تودہ گرنے کے واقعے میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی اور کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع لوئر چترال کے علاقے ڈومیل ارندو میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں بلا تاخیر تیز کی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف کے ساتھ جامع امدادی پیکیج فراہم کیا جائے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے برفباری سے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے اضافی مشینری اور عملہ تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ آمدورفت بحال رہے اور عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور ہنگامی اقدامات ہر صورت یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی۔
واقعے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔